ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ: چلتی جیپ سے بچی گرجانے کے معاملے میں والدین کے خلاف ہواکیس درج

کیرالہ: چلتی جیپ سے بچی گرجانے کے معاملے میں والدین کے خلاف ہواکیس درج

Wed, 11 Sep 2019 18:19:26    S.O. News Service

تھیرو اننت پورم 11/ستمبر(ایس او نیوز) کیرالہ میں ایڈوکی ضلع کے مونّار علاقے میں واقع گھنے جنگلوں سے گزرنے والی سڑک پر9اور10ستمبر کی درمیانی رات میں ایک برس کی معصوم سی بچی مبینہ طور پر چلتی جیپ سے گر گئی تھی اور ماں باپ کو اس کا پتہ بھی نہیں چلاتھا۔بعد میں روتی ہوئی بچی رینگ کرقریب میں واقع فاریسٹ چیک پوسٹ تک پہنچ گئی، جہاں سے محکمہ جنگلات کے افسران نے زخمی بچی کو اسپتال میں لے جاکر علاج کروایاتھا اور کئی کلو میٹر کا فاصلہ طے کرچکنے کے بعد بچی کے والدین کو لینے اسپتال پہنچ گئے تھے۔

 محکمہ فاریسٹ کے افسران کے مطابق چلتی جیپ سے جس مقام پر بچی گرگئی تھی وہ ایک سنسان علاقہ ہے اور ہاتھیوں سمیت دیگر جنگلی جانوروں کی گزرگاہ ہے۔رات کے اندھیرے میں سڑک پر رینگتی ہوئی بچی کا فوٹیج فاریسٹ چیک پوسٹ کے سی سی کیمرے نے قید کرلیا تھا جو بعد میں سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا۔والدین کا کہنا ہے کہ بچی ماں کی گو د میں تھی اور وہ سب جیپ میں سفر کے دوران گہری نیند کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں پتہ ہی نہیں چلا کہ بچی گود میں سے پھسل کر کہیں گر بھی گئی ہے۔

جب یہ خبر اور فوٹیج میڈیا میں عام ہوگیا تو بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلقہ قانون کی دفعہ 75کے تحت بچی کے والدین کے خلاف پولیس نے کیس درج کرلیا گیا ہے، اور اس ضمن میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔کیونکہ بعض ذرائع کے مطابق ماں باپ نے بیٹی سے چھٹکارا پانے کے لئے جان بوجھ کر بچی کو سنسان جنگلاتی علاقے میں پھینک دیا تھا۔ لیکن بچی کے والدین نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔

اس کے علاوہ حقوق اطفال کے تحفظ کے لئے قائم کیرالہ کے ریاستی کمیشن نے بھی بچی کے والدین کے خلاف درج کرلیا ہے۔


Share: